لاہور میں تیسرے روز بھی بجلی بحران جاری رہا

یسکو کے 250سے زائد فیڈرز سے بجلی بند رہے، لیسکو کا شارٹ فال850میگاواٹ سے بڑھ گیا

جمعہ 4 جنوری 2019 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیسرے روز بھی بجلی بحران جاری رہا۔ لیسکو کے 250سے زائد فیڈرز سے بجلی بند رہے۔ لیسکو کا شارٹ فال850میگاواٹ سے بڑھ گیا۔ لیسکو کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ کی مد میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیدنگ جاری رہے گی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ دوسری جانب این ٹی ڈی سی کے ٹرانسمیشن سسٹم اور گرڈ اسٹیشن کے لیے دھند وبال بن گئی ہے اور مسلسل 3 روز سے بجلی ہونے کے باوجود صارفین کو چند گھنٹوں کے لیے بھی بجلی میسر نہیں ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا،ذرائع کے مطابق ایک درجن سے زائد پاور پلانٹس اور 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئی ہیں۔

(جاری ہے)

دھند نے این ٹی ڈی سی کے سسٹم کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، گرمیوں میں کہا جاتا ہے کہ لوڈ زیادہ ہونے اور گرمی کی شدت بڑھنے سے سسٹم میں خرابی پیدا ہوتی ہے مگر سردیوں میں لوڈ کم ہوا تو کہا جانے لگا کہ دھند نے این ٹی ڈی سی کے سسٹم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے این ٹی ڈی سی کا سسٹم بیٹھ گیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ این ٹی ڈی سی کے سسٹم کو اپ گریڈ ہی نہیں کیا گیا، گزشتہ کئی برسوں میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنے پر تو بہت کام ہوا مگر سسٹم کو بجلی کی پیداوار اور طلب کے حساب سے اپ گریڈ نہیں کیا گیا یہی وجہ ہے کہ تھوڑی گرمی زیادہ ہو یا سردی بجلی کا ترسیل اور تقسیم کا نظام ایک جھٹکا برداشت نہیں کر پاتا اور صارفین کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی کا نظام 3 روز سے دھند کو برداشت نہیں کر پا رہا، پاور پلانٹس کے سوئچ یارڈ سے لے کر انسولیٹرز تک خراب ہو رہے ہیں جن کو این ٹی ڈی سی کے انجینئرز ٹھیک کرنے میں مصروف ہیں، کئی لائنز کے فالٹ کو دور کر دیا گیا ہے اور بتدریج بجلی بحال جلد کر دی جائے گی، پاور ڈویڑن کے مطابق بجلی کی طلب 14 ہزار 6 میگاواٹ ہے جب کہ بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 6 میگاواٹ ہے۔