ملک کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں،

سائبر سیکورٹی کو ملک کے دفاع کی طرح ناقابل تسخیر بنانا چاہتے ہیں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا ’’الیکٹروکیورمیٹر لس سمارٹ میٹرنگ‘‘ مشین کی تعارفی تقریب سے خطاب

بدھ 9 جنوری 2019 19:07

ملک کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں،سائبر سیکورٹی کو ملک کے دفاع کی طرح ناقابل تسخیر بنانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایگنائٹ اور کمپنی آف انٹیلیجنٹ سسٹمز نیٹ ورک ریسرچ (سی آئی ایس این آر)کے زیر اہتمام ’’الیکٹرو کیور میٹر لس سمارٹ میٹرنگ‘‘ مشین کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مشین بجلی کے لائن لاسز اور چوری کی روک تھام کے لئے معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وزارت پاور ڈویژن کے ساتھ مل کر اس مشین کو ملک بھر میں متعارف کرائیں تاکہ چوری اور دیگر نقصانات کو روکا جا سکے، اس حوالے سے وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان سے میٹنگ ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایگنائٹ کے ساتھ مل کر خابوں کی تعمیر کرنے جارہی ہے، ہمارے دیگر منصوبوں کے ساتھ یہ منصوبہ بھی تھا کہ ایسی مشین مارکیٹ میں متعارف کرائی جائے جس سے بجلی چوری اور دیگر نقصانات پر قابو پاجاسکے کیونکہ اس وقت ملک کو دیگر درپیش مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ توانائی کا بحران بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرو کیور میٹر لس سمارٹ میٹرنگ مشین کو تیار کرنے میں ایگنائٹ ، یو ای ٹی پشاور اور سی آئی ایس این آر نے مل کر کام کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشین نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ملک کی نیک نامی کا ذریعہ بنے گی کیونکہ اس مشین سے 80سے 90فیصد مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جانے کی طرف تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

اس مقصد کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہمیں نوجوان پاکستانی آئی ٹی کے گریجویٹ اور ماہرین کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سیکورٹی کا مسئلہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کا ہے ، چین نے اس حوالے سے بروقت اقدامات کرتے ہوئے سائبر حفاظتی دیوار قائم کردی ہے اور ہم بھی پی ٹی اے ، وزارت داخلہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سائبر سیکورٹی کو ملک کے دفاع کی طرح ناقابل تسخیر بنانا جائے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین واپڈا شکیل درانی نے کہا کہ بجلی کی چوری ایک عالمگیر مسئلہ ہے مگر ہمارے ملک میں بدقسمتی سے خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، سندھ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری ہو رہی ہے۔جسے روکنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی انتہائی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اربوں روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے جب ریکوری کے لئے آپریشن کیا جاتا ہے تو چند کروڑ روپے وصول ہوتے ہیں جو کہ قابل تشویش ہے۔اس موقع پر یو ای ٹی پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار نے کہا کہ اس مشین کو تیار کرنے میں یو ای ٹی پشاور نے ایگنائٹ اور سی آئی ایس این آر کے ساتھ ملکر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے میں 17مختلف انجینئرنگ کے شعبے میں تعلیم دی جارہی ہے جس میں 10,000سے زائد طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ۔

سی آئی ایس این آر کے ڈائریکٹر گل محمد نے کہا کہ الیکٹروکیورمیٹر لس سمارٹ میٹرنگ اپنے نوعیت کی منفرد مشین ہے جسے گھریلو صارفین اور دیگر انڈسٹری وغیرہ کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے اس کے استعمال سے بجلی کی طلب اور رسد کے مابین مربوط رابطہ ہو سکے گا اور بجلی چوری کو آسانی سے پکڑا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ایگنائٹ کے سی ای او یوسف حسین نے بھی خطاب کیا۔