مشیراطلاعات سندھ کاپی ٹی آئی کے اکائونٹس سے متعلق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پرجے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

پی ٹی اے کے 26 بینک اکائونٹس ہیں، جن میں سے 8 کی تفصیلات جمع کرائی گئی ہیں جب کہ 18 اکائونٹس کی تفصیلات نہیں دی جا رہیں ،مرتضی وہاب ان اکائونٹس پر دستخط کرنے والے اعلی حکومتی عہدوں پر ہیں،رپورٹ کا جائزہ لے کر سینیٹ اورقومی اسمبلی میں معاملے کو اٹھایا جائے گا، اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 10 جنوری 2019 15:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے تحریک انصاف کے اکائونٹس سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پرجے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 18خفیہ اکائونٹس ہیں، یہ اکائونٹس اپنے پارٹی اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے گئے مگر اکائونٹس پر دستخط کرنے والے اعلی حکومتی عہدوں پر ہیں، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کا جائزہ لے کر سینیٹ اورقومی اسمبلی میں معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت میں مرتضی وہاب نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے تحریک انصاف کے بینک اکائونٹس سے متعلق سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے 26 بینک اکائونٹس ہیں، جن میں سے 8 کی تفصیلات جمع کرائی گئی ہیں جب کہ 18 اکائونٹس کی تفصیلات نہیں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جن 18 بینک اکائونٹس کی تفصیلات جمع نہیں کرا رہی ہے۔

اس رپورٹ میں ان افسران کے نام ہیں جو آج بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں جب کہ فارن فنڈنگ کیس کو پی ٹی آئی نے چھپانے کی کوشش کی ہے۔ہم کوشش کریں گے سینٹ اور قومی اسمبلی کے ذریعے اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پڑھ سکیں،جس کے بعد سینیٹ اورقومی اسمبلی میں معاملے کو اٹھایا جائے گا۔مشیراطلاعات نے کہا کہ چند ماہ قبل آف شور کمپنیوں کی بات کی گئی تھی تاہم پھر یو ٹرن لے لیا گیا جب کہ منی لانڈرنگ کے الزامات کی بات کی گئی اور پھر پیپلزپارٹی وزراء سے استعفوں کا مطالبہ کیا گیا۔

اب تحریک انصاف کے غیر قانونی کام پر بھی جے آئی ٹی بنائی جائے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ اگر کارروائی کرنی ہے تو سب کے خلاف کی جائے۔ ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما مستعفی ہوں۔ جعلی اکائونٹس سے متعلق الزامات ہمارے اوپر تو لگائے گئے اب تحریک انصاف بھی جواب دے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ٹوئٹر پر چیزیں پوسٹ کرنے کے علاوہ پاکستانی عوام کیلئے کچھ کر لے تو ملکی حالات بہتر ہو جائیں گے۔

پی ٹی آئی ایک دوسرے کی تصویر بنا رہی ہے، یوٹرن لے رہی ہے اور بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ملک سے دوہرا معیار ختم ہونا چاہیے، غریب کا گھر گرا دیا جاتا ہے، ماضی میں ملک میں کبھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی، آج تحریک انصاف کی حکومت کے باعث گیس پیدا کرنیوالے ملک میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ 70 فیصد گیس پیداکرتا ہے لیکن سندھ کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ سندھ میں نہ صرف گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہیں بلکہ صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہے۔