چوہدری نثار کی جانب سے تاحال اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کے بعد الیکشن کمیشن کا ایکشن لینے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کی جانب سے رکن اسمبلی کے حلف کے لیے مدت مقرر کرنے کا فیصلہ، مقررہ مدت تک حلف نہ لینے کی صورت میں نشست خالی قرار دے دی جائے گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 12 جنوری 2019 21:19

چوہدری نثار کی جانب سے تاحال اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کے بعد الیکشن ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جنوری2019ء) چوہدری نثار کی جانب سے تاحال اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کے بعد الیکشن کمیشن کا ایکشن لینے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن کی جانب سے رکن اسمبلی کے حلف کے لیے مدت مقرر کرنے کا فیصلہ، مقررہ مدت تک حلف نہ لینے کی صورت میں نشست خالی قرار دے دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے کئی ماہ گزرنے کے باوجود پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ لینے کے تنازعے پر بالآخر الیکشن کمیشن کو بھی ہوش آگیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نئی انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن نے نو منتخب رکن اسمبلی کے لیے حلف اٹھانے کی مدت مقرر کرنے کے حوالے سے سفارش کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

کامیاب رکن کے لیے حلف اٹھانے کی مدت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے کئی حلقوں کے عوام نمائندگی سے محروم رہ جاتے ہیں۔ پی پی 10 پنجاب سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود حلف نہیں اٹھایا۔

قانون میں اسی سقم کے باعث پی پی 10 حلقہ کے عوام نمائندگی سے محروم ہیں۔ الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نو متخب رکن حلف اٹھانے کے بغیر رکن اسمبلی تصور نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ لیگل فریم ورک کمیٹی آئندہ اصلاحات میں اس سقم کو دور کرنے کے لیے اپنی سفارشات تیار کرے گی۔