جدہ: پارکنگ کے جھگڑے پر سعودی نوجوان قتل

جھگڑے میں ملوث مقامی اور غیرمُلکی افراد کو گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جنوری 2019 14:45

جدہ: پارکنگ کے جھگڑے پر سعودی نوجوان قتل
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 جنوری 2019ء) سعودی مملکت میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک سعودی نوجوان کو پارکنگ کے جھگڑے کے دوران قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جدہ کے علاقے حی الحمدانہ میں صبح سویرے پیش آیا جس میں ایک سعودی جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بدقسمت نوجوان کی موت مار پیٹ کے دوران آنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔

پولیس نے واقعہ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان نے بتایا کہ فریقین کے درمیان کار کی پارکنگ کے معاملے پر پہلے تلخ کلامی ہوئی جو باقاعدہ ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ دونوں جانب کے افراد نے ایک دوسرے کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ جس کی تاب نہ لاتے ہوئے تیس سالہ سعودی نوجوان اللہ کو پیارا ہو گیا جب کہ تین افراد اس خونی جھگڑے میں زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔

گرفتار کیے گئے افراد کو مزید تفتیش کے لیے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جن میں سے نوجوان کے قتل میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کے بعد اُن پر مقامی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ پولیس نے پارکنگ ایریا میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے جو نامزد ملزمان کے خلاف مؤثر ثبوت کی خاطر عدالت کو پیش کی جائے گی۔