گلشن اقبال پارک سے 5 سالہ بچے کے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی

فوٹیج میں کالے رنگ کا برقع پہنے ایک خاتون کو بچے کو اپنے سات لیجاتے دیکھا جا سکتا ہے

پیر 14 جنوری 2019 16:13

گلشن اقبال پارک سے 5 سالہ بچے کے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف تفریح پارک گلشن اقبال پارک سے 5 سالہ بچے کے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ۔واردات اتوار کی سہ پہر ڈھولنوال ملتان روڈ کے رہائشی شہری فہد امان کے ساتھ ہوئی جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ گلشن اقبال پارک میں تفریح کی غرض سے آئے ہوئے تھے ۔

اسی دوران ان کا بیٹا پانچ سالہ محمد سعد اچانک لاپتہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے بہت تلاش کیا لیکن بچہ نہ مل سکا ، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے پارک انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ حاصل کر لیا ۔اب سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالے رنگ کا برقع پہنے ایک خاتون بچے کو اپنے ساتھ لے جا رہی ہے۔پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد فہد امان کی مدعیت میں درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم خاتون بچے کو ورغلا کر پارک کے ایک نمبر دروازے سے اسے اپنے ہمراہ لے گئی۔