عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی غیر فعال

سب کمیٹی 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزارنے کے باوجود ابھی تک ٹی آو آرز طے نہ کر سکی

پیر 14 جنوری 2019 20:32

عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بنائی جانے والی پارلیمانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2019ء) عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی غیر فعال ہوگئی ہے ، کمیٹی کے اختیارات اور تحقیقات کا طریقہ کارطے کرنے کیلئے بنائی جانے والی سب کمیٹی 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزارنے کے باوجود ابھی تک ٹی آو آرز طے نہ کر سکی ہے ،سب کمیٹی میں شامل حکومتی اراکین نے ٹی آو آرز پیش کر دئیے جبکہ اپوزیشن جماعتیں ابھی تک مشترکہ ٹی آور ارز کمیٹی میں پیش نہیں کر سکے ہیں ۔

(جاری ہے)

عام انتخابات کے بعد دھاندلی کے الزامات عائد کرنے والی ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی 2ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اپنا کام شروع نہ کرسکی ہے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس 7نومبر 2018کو منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی کے چیرمین کا انتخاب کرنے کے ساتھ ساتھ کمیٹی کے اختیارات اور کام کرنے کے طریقہ کار طے کرنے کیلئے مشترکہ ٹی او آرز تیار کرنے کیلئے ایک سب کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا پہلا اجلاس 14نومبر کو منعقد ہوا دوسرے اجلاس میں کمیٹی میں شامل حکومتی اراکین نے اپنے ٹی آو آرز کمیٹی میں پیش کر دئیے جس کے بعد کمیٹی کا تیسرا اجلاس 3دسمبر اور چوتھا اجلاس 13دسمبر کو منعقد ہواان اجلاسوں میں سب کمیٹی میں شامل اپوزیشن اراکین نے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کردیا تاہم ابھی تک اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی جانب سے مشترکہ ٹی آو آرز تیار نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سب کمیٹی کا اجلاس نہیں بلایا جا سکا ہے واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی ویب سائیٹ کے مطابق ماہ فروری میں بھی سب کمیٹی یا پارلیمانی کمیٹی کا کوئی اجلاس شیڈول نہیں کیا گیا ہے ۔

۔۔۔۔۔۔اعجاز خان