اسلام آباد ہائیکورٹ نے وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی کیمسٹری کا پروگرام ختم کرنے پر جواب طلب کر لیا

پیر 14 جنوری 2019 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ایم ایس سی کیمسٹری کا پروگرام ختم کرنے پر جواب طلب کر لیا۔ پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل خلیل الرحمن نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ قائداعظم یونیورسٹی کے ایم ایس سی کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ میں 32 پی ایچ ڈی پروفیسر ہیں، اس سال بھی ایم ایس سی کیمسٹری سال دوئم کی کلاسیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے بغیر اطلاع ایم ایس سی کمیسٹری کے داخلے بند کر دیئے، یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ایم ایس سی کیمسٹری کا پروگرام بند کر دیا ہے جبکہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ایم ایس سی کا پروگرام موجود ہے، یونیورسٹی کے اس اقدام سے ہزاروں طلباء و طالبات کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، عدالت ایم ایس سی کیمسٹری کے پروگرام کی بحالی کے اقدامات جاری کرے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من الله نے وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی سے جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔