Live Updates

مریم نواز نے چچا کی نصیحت مان لی

مریم نواز نے شہباز شریف کی ہدایت پر لمبے عرصے تک چپ رہنے کا فیصلہ کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جنوری 2019 11:58

مریم نواز نے چچا کی نصیحت مان لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2019ء) : سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ،مریم نواز،صفدر کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل خارج کر دی ہیں جس کے بعد ن لیگ نے سکھ کا سانس لیا ہے اور ایک بار پھر ن لیگ کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شریف خاندان کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ مریم نواز کو ہوا ہے تاہم یہاں سوال یہ ہے کہ مریم نواز اب مستقبل میں کیا کریں گی؟ کیا مریم نواز والد کے جیل رہنے تک ان کے لیے آواز بلند کرتی رہیں گی؟ اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینئیر صحافی سلیم صافی کا کہنا ہے کہ مریم نواز سیاست میں نہیں آ رہیں ان کی خاموشی ابھی طول پکڑے گی۔

اور انہیں یہ بات شہباز شریف نے سمجھائی ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ سینئیر صحافی فہد حسین نے کہا سپریم کورٹ کے ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق آنے والے فیصلے کے بعد مریم نواز کے جیل جانے کے امکانات اب بہت کم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک فیصلے پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ شریف خاندان کو ریلیف مل رہا ہے جب کہ دونوں میاں برادران جیلوں میں ہیں۔انہوں نے کہا مریم نواز نے جو چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے وہ مزید لمبا ہو گا۔

خیال رہے گذشتہ روز سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو کی اپیل خارج کردی تھی۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں ،حقیقی ریلیف اور خوشی اس وقت ہو گی جب میرے والد گھر لوٹ کر آئیں گے ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہوں ، حقیقت یہ ہے کہ مجھے اپنے بارے میں ایک لمحہ بھی فکر نہیں ہوئی ، انشااللہ حقیقی ریلیف اور خوش اس وقت ہوگی ہے جب میرے والد گھر لوٹ کر آئیں گے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات