Live Updates

نیب کے حوالے سے سینئیر صحافی خوشنود علی خان نے بڑا انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 جنوری 2019 12:19

نیب کے حوالے سے سینئیر صحافی خوشنود علی خان نے بڑا انکشاف کر دیا
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی خوشنود علی خان نے کہا کہ نیب سے 50 پراسیکیوٹرز مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کے ترجمان نوازش علی خان سے ابھی کنفرم کیا ہے اور انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نیب صرف 75 ہزار روپے دیتا ہے، نیب کی حالت یہ ہے کہ چار پراسیکیوٹرز کی شادیاں تھیں تو چئیرمین نیب نے انہیں اپنی ذاتی جیب سے پیسے دئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی حالت بد تر ہو گئی ہے تو اب یہ نواز شریف کے خلاف کیا کیسز لڑیں گے؟واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے دائر کی گئی ایون فیلڈ ریفرنس کی سزا معطلی کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کے خلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

(جاری ہے)

وکیل نیب نے عدالت میں دوران سماعت کہا کہ سزا معطلی یا ضمانت کی درخواست میں کیس کے میرٹ پر نہیں جایا جاتا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کس بنیاد پر ضمانت منسوخ کریں؟ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ کیا نواز شریف کو رہا کر دیا گیا ہے؟ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نیب کے راستے میں کیا مشکل ہے؟ ضمانت کا حکم عبوری ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ضمانت ہائیکورٹ دے چکی ہے اب کس بنیاد پر ہم ضمانت منسوخ کریں؟ جس کے بعد سپریم کورٹ نے نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ضمانت معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو خارج کر دیا۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر سیاسی حلقوں میں کئی تبصرے بھی ہوئے جن میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے نیب ک بے وقوفانہ رویے اور کمزورپراسیکیوشن کو وجہ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اب خوشنود علی خان نے انکشاف کیاہے کہ نیب کی مالی حالت خراب ہے اور اسی وجہ سے نیب کے پراسیکیوٹرز مستعفی ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ کے کہ نیب تمام کیسز میں کمزور موقف اپنا رہی ہے اور نیب کی کمزور پراسیکیوشن کی وجہ سے کوئی بھی کیس اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ رہا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات