ڈی جی آئی ایس پی آرسمیت 3میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرلزکے عہدوں پر ترقیاں

،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری، میجر جنرل عمر بخاری اور میجر جنرل عنایت حسین کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقیاں دی گئیں ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 11:09

ڈی جی آئی ایس پی آرسمیت 3میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرلزکے عہدوں پر ترقیاں
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقی و تعیناتیوں ،ڈی جی آئی ایس پی آرسمیت 3میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرلزکے عہدوں پر ترقیاںدیدی گئیں،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری، میجر جنرل عمر بخاری اور میجر جنرل عنایت حسین کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقیاں دی گئیں ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ترقی پانے والے تینوں تھری سٹار جنرلز کی تعیناتیاں کر دیں۔

میجرجنرل احمد شریف کا تعلق کور آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرز سے ہے۔میجر جنرل عمر بخاری کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جس کے بعد انہیں پشاور میں قائم الیون کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا۔ان سے قبل لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات خان اس عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے جن کا اب تبادلہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

84 لانگ کورس میں عمر محمود بخاری نے اعزازی شمشیر اور ہنزہ سے تعلق رکھنے والے عنایت حسین نے صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

پشاور میں نئے کمانڈر میجر جنرل عمر بخاری اس سے قبل جنرل ہیڈ کوارٹرز میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف (الفا) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔لیفٹیننٹ جنرل عنایت کو چیف آف لاجسٹک سروسز (GHQ) اور لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف فی الوقت بطور ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔تھری اسٹار عہدے پر ترقی پانے والے یہ دونوں افسر جی ایچ کیو میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف (جی ایچ کیو) میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا کو چند روز قبل منگلا کور کا کمانڈر تعینات کیا گیا تھا۔چیف آف لاجسٹک سٹاف میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا کی جگہ ایک اور نئے ترقی پانے والے افسر لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کو تعینات کر دیا گیا، جنرل عنایت حسین وائس چیف آف جنرل اسٹاف (براوو) کے طور پر خدمات انجام دینے والے میجر جنرل تھے۔