اصلاحات اور اسٹرکچرل ریفارمز کی جانب بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم

پاک سعودی مشترکہ تعاون سےنوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دیں گے، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور ترکیے بھی آئی ٹی اور سرمایہ کاری شعبوں میں پارٹنربن سکتے ہیں۔ عرب میڈیا کو انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 مئی 2024 11:13

اصلاحات اور اسٹرکچرل ریفارمز کی جانب بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اصلاحات اوراسٹرکچرل ریفارمز کی جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان سعودی عرب کے تعاون اورتجربات سےاستفادہ کرے گا، محمدبن سلمان کی قیادت میں عالمی معاشی انقلاب لاسکتے ہیں، اس وقت حکومت کی تمام توجہ معیشت کی بہتری پرہے، معیشت کی بہتری کیلئے اصلاحات اور بنیادی نظام کی تبدیلی کیلئے پُرعزم ہیں، شہبازاسپیڈاب پاکستان اسپیڈ ہے۔

تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ترقی وخوشحالی میں شراکت دارہیں، پاکستان میں ہر منتخب سربراہ مملکت کا پہلا دورہ سعودی عرب کا ہی ہوتا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بہت شاندار رہی اور سعودی وفد کی پاکستان میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نتیجہ خیزرہی، آئی ٹی شعبے میں پاکستان سعودی عرب کےتجربات سے فائدہ اٹھا سکتاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک سعودی مشترکہ تعاون سےنوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دیں گے ، جس کے بعد تربیت یافتہ پاکستانی ہنرمند سعودی عرب میں کام کرکے زرمبادلہ بھیجیں گے، سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور ترکیے بھی آئی ٹی اور سرمایہ کاری شعبوں میں پارٹنربن سکتے ہیں اور محمد بن سلمان کی قیادت میں عالمی معاشی انقلاب لاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا، گذشتہ 8 برس میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030 پیش کیا جو دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔