بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل تھانہ سٹی چکوال میں بند

منگل 15 جنوری 2019 22:10

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ڈی پی او عاد ل میمن کی ہدایت پر منگل کے روز ریسکیو15سے باب چکوال تک بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل پولیس نے اٹھا کر گاڑی میں ڈال لیے اور تھانہ سٹی چکوال میں بند کرادیے۔ منگل کے روز ریسکیو15سے اس مہم کا آغاز کیا گیا اور سڑک کے دونوں اطراف پر جہاں بھی بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل کھڑے کیے گئے تھے ان کو اٹھا کر گاڑی میں ڈال لیا گیا،جبکہ چیکنگ کے دوران بھی ان موٹر سائیکلوں کو پابند کرلیا گیا جن کے اوپر نمبر پلیٹ نہیں تھی۔

بعد ازاں ڈی پی او چکوال عادل میمن نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بھون چوک سے الائنس ٹریول تک صورتحال کا جائزہ لیا اور انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے پمفلٹ شہریوں میں تقسیم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ چکوال شہر کے اندر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیاہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال عادل میمن نے مزید کہا کہ عوام ٹریفک قوانین کی پاسداری اور احترام کریں،اوورلوڈنگ ایک غیر قانونی اور جان لیوا عمل ہے۔بغیر رجسٹریشن اور بغیر نمبر پلیٹ کوئی گاڑی اور موٹرسائیکل سڑک پر نہیں آئیگا۔بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانا انتہائی خطرناک ہے اس سے اجتناب کریں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا فعل ہے اسکی حوصلہ شکنی کریں۔چکوال شہر کی مین سڑکوں اور خاص طور پر سٹی ایریا چکوال اور سٹی ایریا تلہ گنگ میں ڈبل پارکنگ قطعاً ممنوع ہے۔ چکوال کو پرامن محفوظ اور خوبصورت بنانے میں چکوال پولیس کا ساتھ دیں۔