عدالت نے ایڈمنسٹریٹر آغا خان اسپتال اور ڈی سی ایسٹ کو نوٹس جاری کردیئے

بدھ 16 جنوری 2019 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) سندھ ہائی کورٹ میں آغا خان اسپتال کو تجارتی بنیادوں پر چلانے کے خلاف درخواست کی سماعت،عدالت نے ایڈمنسٹریٹر آغا خان اسپتال اور ڈی سی ایسٹ کو نوٹس جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں آغا خان اسپتال کو تجارتی بنیادوں پر چلانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ آپ کو چیریٹی کیلئے زمین دی گئی کیا وہاں مفت علاج ہورہا ہے آغا خان اسپتال کے وکیل کا کہنا تھا کہ جواب کیلئے تین ہفتے کی مہلت دے دیں، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ بار بار مہلت لے کر چلے جاتے ہیں بتائیں آپ کا اسپتال رفاعی ادارہ ہے یا نہیں آپ کے معاہدے میں لکھا ہے منافع بخش کاروبار نہیں کریں گے،عدالت نے ایڈمنسٹریٹر آغا خان اسپتال اور ڈی سی ایسٹ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 31 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ،درخواست گزار کا کہنا ہے کہ آغا خان اسپتال کو رفاعی ادارہ قائم کرنے کیلئے حکومت نے زمین دی تھی ،اسپتال نے غریب اور مستحق مریضوں کا مفت علاج کرنے کے بجائے کاروبار شروع کردیا،آغاخان اسپتال انتہائی مہنگے داموں علاج کی سہولیات فراہم کررہا ہے ،اسپتال انتظامیہ ہر غریب کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کی پابند ہے ،اسپتال کو تجارتی بنیادوں پر چلانا شرائط کی خلاف ورزی ہے ،آغا خان اسپتال کا 1985سی2017تک کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے،آغاخان اسپتال کے خلاف کارروائی کی جائے ۔