حکومت پنجاب کے کاشتکاروں سے مذاکرات کامیاب، د ھرنا ختم

حکومت کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دے گی،صو با ئی وزیر زراعت

بدھ 16 جنوری 2019 21:34

لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) حکومت پنجاب کے آلو کے کاشتکاروں سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کاشتکاروں نے چیئرنگ کراس لاہور میں جاری دھرنا ختم کردیا،ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کسان اتحاد کے وفد سے کامیاب مذاکرات کئے جس کے دوران انہیں یقین دلایا گیا کہ حکومت آلو کے کاشتکاروں کو استحصال سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ،اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو محکمہ نے چٹھی بھی لکھی ہے کیونکہ امدادی قیمت(سپورٹ پرائس) کا تعین وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے ، اس سلسلے میں کاشتکاروں کو بہتر قیمت دلوانے کیلئے حکومت پنجاب بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کے مفاد میں شوگر مل مالکان سے بھی مذاکرات کئے ہیں اور گنے کے کاشتکاروں کو ان کے واجبات ادا کروانے کیلئے حکومت مل مالکان کو کہہ چکی ہے اور اس سلسلے میں 23 جنوری کو میٹنگ ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے واضح کیا کہ اگر مل مالکان غریب کاشتکاروں کا استحصال کرنے کی کوشش کریں گے توحکومت شوگرملوں کی فروخت عمل میں لا کر کاشتکاروں کی ادائیگیاں کرے گی مگر کسی صورت کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دے گی۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح کیلئے حکومت متعدد سکیمیں متعارف کروا رہی ہے جس سے جلد کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی ہوگی۔انھوں نے مزید کہا کہ آج سے ڈیرھ ماہ قبل کماد کے کاشتکاروں کو شدید مشکلات تھیں جس کو حل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی اور اسی کا نتیجہ ہے کہ تمام گنے کے کاشتکاروں کو بہت جلد اپنے واجبات کی وصولی ممکن ہو سکے گی۔اس موقع پر کسان اتحاد کے وفد نے ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب کی کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا اور ان کی یقین دھانی پر چیئرنگ کراس لاہور میں جاری دھرنے کو ختم کردیا گیا۔