نئے قانون کے تحت سردی میں کتے گھر سے باہر چھوڑنے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑےگی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 16 جنوری 2019 23:53

نئے قانون کے تحت سردی میں کتے گھر سے باہر چھوڑنے والوں کو جیل کی ہوا ..

سردی کے موسم میں کتے کو زنجیر سے باندھ کر باہر چھوڑنا غیر انسانی ہی نہیں بلکہ کم از کم پنسلوینیا میں یہ غیر قانونی بھی ہے۔
اس سال سرما شروع ہونے سے پہلے پنسلوینیا کے قانون سازوں نے نیا قانون پیش کیا ہے۔ اس قانون کے تحت پالتو کتوں کے مالکان اگر اپنے کتے کو منجمد کرنے والے درجہ حرارت میں آدھے گھنٹے کے لیے اور 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 9 گھنٹے سے زیادہ باہر چھوڑیں گے تو انہیں جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔


اس نئے قانون میں مزید کہا گیا ہے کہ کتوں کو ایک ایسی پناہ گاہ تک رسائی ہونی چاہیے جہاں وہ خود کو ڈھانپ سکیں اور جسم کا عام درجہ حرارت برقرار رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ جس رسی سے کتے کو باندھا جائے وہ کافی طویل ہو اور ایسی نہ ہو کہ جانور کو پھندہ لگ جائے۔

(جاری ہے)


نئے قانون  کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کم سے کم 300 ڈالر جرمانہ اور زیادہ سے زیادہ 90 دن کی جیل ہو سکتی ہے۔

اس قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں اگر کتے کو جسمانی نقصان پہنچتا ہے تو خلاف ورزی کرنے والے کو 2000 ڈالر جرمانہ اور 1 سال کے لیے جیل بھی  ہو سکتی ہے۔ اسی طرح اگر گرمیوں میں 90 فارن ہائیٹ یا 32 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ  درجہ حرارت میں  کوئی اپنے کتے کو آدھے گھنٹے سے زیادہ باہر چھوڑے گا، اسے بھی انہی سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔ تاہم نئے قانون میں جو زبان استعمال کی گئی ہے، اس  سے اس کا اطلاق سردیوں میں زیادہ ہوتا ہے۔