Live Updates

جسٹس شاہد کریم نے نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی

سابق وزیر اعظم نواز شریف ،مریم نواز اور صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے ہائیکورٹ میں متفرق بھی درخواست دائر

جمعرات 17 جنوری 2019 15:19

جسٹس شاہد کریم نے نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کیخلاف درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے سے معذرت کرلی ۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے درخواس پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر درخواست پر سماعت نہیں کر سکتا۔

درخواست گزار غلام یاسین بھٹی نے موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا، آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے، نواز شریف کو عوام اور ممبران قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کے 28جولائی کے نواز شریف کی اہلیت سے متعلق نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ،انکی صاحبزادی مریم نواز اور داما کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔مقامی وکیل عامر ظہیر نے متفرق درخواست میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کا ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجوہات پر مبنی حکومتی میمورنڈم کو درخواست کا حصہ بنایا اور موقف اپنایا کہ ملزمان نیب کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں مکمل تعاون کر ہے ہیں ،کسی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی عائید کرنا خلاف قانون ہے ۔

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر مرکزی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا جائے اور نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات