کراچی سے سکھر جانے والے پی آئی اے کے طیارے کے سامنے دوران پرواز ڈرون آگیا

کپتان نے طیارے کو ڈرون کے ساتھ ٹکرانے سے بال بال بچا لیا، ٹکراو کی صورت میں طیارہ تباہ ہو جاتا

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جنوری 2019 20:24

کراچی سے سکھر جانے والے پی آئی اے کے طیارے کے سامنے دوران پرواز ڈرون ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری2019ء) کراچی سے سکھر جانے والے پی آئی اے کے طیارے کے سامنے دوران پرواز ڈرون آگیا، کپتان نے طیارے کو ڈرون کے ساتھ ٹکرانے سے بال بال بچا لیا، ٹکراو کی صورت میں طیارہ تباہ ہو جاتا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیر لائنز کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔ پاکستان ائیر لائنز کے مسافر طیارے کو کراچی سے سکھر جاتے ہوئے خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی ایئرپورٹ سے پرواز کے تھوڑی ہی دیر بعد ایک ڈرون طیارے کے انتہائی قریب آگیا۔

(جاری ہے)

کپتان نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول ٹاور کو دی۔ جبکہ طیارے اور ڈرون کے تصادم کو بھی کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے روکا۔ پی کے536کے کپتان کےمطابق واقعہ سپر ہائی وے پر افغان بستی کےقریب پیش آیا۔ ڈرون طیارےسے50 سے100 فٹ کی بلندی پر تھا۔ جبکہ مسافر طیارہ اس وقت 4300 فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔ سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے پولیس کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ جبکہ موقع پر پولیس کو روانہ کردیا گیا ہے۔