لاہور کے مضافات میں ایک پورا گاوں بجلی چوری میں ملوث نکلا

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے گاوں میں موجود تمام گھروں کے بجلی کے کنکشن منقطع کردیے

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جنوری 2019 22:55

لاہور کے مضافات میں ایک پورا گاوں بجلی چوری میں ملوث نکلا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2019ء) لاہور کے مضافات میں ایک پورا گاوں بجلی چوری میں ملوث نکلا، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے گاوں میں موجود تمام گھروں کے بجلی کے کنکشن منقطع کردیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بحران کی ایک بہت بڑی وجہ بجلی چوری بھی ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں بجلی چوری روکنے میں ناکام رہتی ہیں، جس کے بعد لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کرکے نقصان پورا کیا جاتا ہے۔

اکثر بتایا جاتا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کو طاقتور لوگوں کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی پیش آیا ہے۔ لاہور کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی لیسکو کی ٹیم کی جانب سے لاہور کے قریب جی ٹی روڈ پر واقع ایک گاوں پر چھاپہ مارا گیا۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ پورا کے پورا گاوں بجلی چوری میں ملوث ہے۔

گاوں میں موجود تمام گھر لو ٹینشن تاروں سے بجلی چوری کر رہے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد پورے گاوں کی بجلی منقطع کرتے ہوئے وہاں لگے تمام ٹرانسفارمرز بھی اتار لیے گئے ہیں۔ جبکہ پولیس کو گاوں کے افراد کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کیلئے درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی چوری اورکنڈہ سسٹم کے خلاف مہم جاری ہے۔ غیر قانونی طریقے سے بجلی کا استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشنز نہ صرف نقصانات کی وجہ سے لوڈ مینجمنٹ کے دورانیہ میں اضافے کا باعث ہیں بلکہ بل میں بھی صارفین کو اس کا نقصان بھرنا پڑتا ہے۔