کالاباغ ڈیم نہ بنا تو سندھ بھی ریگستان میں تبدیل ہو جائیگا،چیئرمین پاکستان کسان ویلفیئر کونسل

پیر 21 جنوری 2019 14:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان کسان ویلفیئر کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت پانی کا بحران ایک بہت بڑی آفت کی صورت اختیار کرتا جا رہاہے جو کروڑوں کاشتکاروں، کسانوں، ایگری کلچر سیکٹر سے وابستہ محنت کشوں ، صنعتی مزدوروں اور کاروباری و تجارتی حلقوں کو نگلنے کے درپے ہے اس لئے اس بحران کو ختم کرنے کیلئے ذاتی یا علاقائی تعصبات کو بالائے تاک رکھنا ہو گا کیونکہ جب تک کا لا باغ ڈیم نہیں بنے گا اس وقت تک نہ تو سستی بجلی حاصل ہو سکتی ہے اور نہ ملک سے پانی کے بحران کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے کسی طرح بھی ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کالا باغ ڈیم اور دیگر آبی ذخائرجلد بنائے جائیں کیونکہ ہمارے ہمسایہ ملک چین میں پانچ سو سے زائد آبی ذخائر موجود ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک مخصوص نان ٹیکنیکل گروہ ذاتی و علاقائی مفاد کیلئے بلا جواز کالا باغ ڈیم کی مخالفت کررہا ہے حالانکہ اگر اب بھی کالا باغ ڈیم نہ بنا تو سندھ کو ریگستان بننے سے کوئی بھی طاقت نہیں روک سکے گی۔

انہوںنے مزید کہاکہ پاکستان کے پاس دنیا کے کل پانی کے وسائل سے ایک فیصد سے بھی کم پانی ہے جو باعث تشویش ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ توانائی کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھی کالا باغ ڈیم اور دیگر چھوٹے چھوٹے ڈیمز بنائے جانا موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے۔