قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی ،کسی قسم کا دبائوقبول نہ کیا جائے‘عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب کا قصور میں پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے شہری کے گھر پر قبضے کا نوٹس ،واگزار کرانے کی ہدایت

جمعرات 24 جنوری 2019 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور کے علاقے ڈھنگ شاہ میں پی ٹی آئی کے مقامی چیئرمین خالد محمود ڈوگر کی جانب سے شہری کے گھر پر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ غریب شہری کے گھر کا قبضہ واگزار کرایا جائے اور مظلوموں کی دادرسی کرکے رپورٹ وزیراعلی آفس پیش کی جائے،ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قبضہ مافیا کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی ،اس ضمن میں کسی قسم کا دبائوقبول نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھا جائے،پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کی جا رہی ہے،قبضہ مافیا ناسور ہے اور اس کا خاتمہ ضروری ہے۔