بکاخیل کیمپ آئی ڈی پیزکو اپنے آبائی علاقوں میں اپریل تک آبادکاری کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،خیبر پختونخوا

حکومت مستقبل میں قبائلی اضلاع میں کابینہ اجلاس منعقد کرنے ارادہ رکھتی ہے تاکہ قبائلیوں کے مسائل کو اجاگر کرکے بروقت حل تلا ش کرے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت اجمل خان وزیر کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 30 جنوری 2019 22:35

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اور ترجمان خیبر پختونخوا حکومت اجمل خان وزیرنے کہاہے کہ بکاخیل کیمپ آئی ڈی پیزکو اپنے آبائی علاقوں میں مارچ یا اپریل تک آباد کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ‘ انہوں نے متعلقہ حکام کو بکاخیل آئی ڈی پیز کیمپ کے رہائشیوں کو تمام درپیش مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہے ‘خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کیمپ کے رہائشیوں کو اپنے آبائی علاقوں میں آبادکاری کیلئے ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کی جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجمل خان وزیر نے کہاکہ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے دس سالہ ترقیاتی پیکیج کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع کو 100 بلین کی بروقت فراہمی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی ہے ‘ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے صحت عامہ کے شعبے میں تمام کمی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ ہسپتالوں ترجیحی بنیادوں پر ادویات اوردیگر ضروری سامان مہیا کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ضم شدہ اضلاع میں انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ فعال کردیاگیا ہے جوکہ صحت عامہ اور تعلیمی شعبوں کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت مستقبل میں قبائلی اضلاع میں کابینہ اجلاس منعقد کرنے ارادہ رکھتی ہے تاکہ قبائلیوں کے مسائل کو اجاگر کرکے بروقت حل تلا ش کرے ‘ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی وزراء کو قبائلی اضلاع کے دوروںکا شیڈول دیا ہے تاکہ وہاں کے دورے کرکے قبائلی اضلاع مسائل سے آگاہی حاصل کرسکے ۔

فاٹا ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملازم کو سروس سے ہٹایا نہیں جائیگا بلکہ انہیں خالی پوسٹوں پر تعینات کیا جائیگا ‘ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ملازمین کو تعلیم اور عمر میں بھی رعایت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جنوبی وزیرستان کے علاقوںوانا ‘ سراروغہ اور مکین کے دورے کے دوران وہاں کے مقامی عمائدین سے ملاقات کرکے وہاں کے مسائل آگاہی حاصل کی ہے ۔