پبلک اکائونٹس کمیٹی اجلاس ،کچھ مقدمات میں ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے زیادہ تاخیر ہوجاتی ہے، نیب

میرے کیس میں تو فوری ریکارڈ مل جاتا ہے، شہباز شریف کا برجستہ جواب

جمعہ 1 فروری 2019 19:09

پبلک اکائونٹس کمیٹی اجلاس ،کچھ مقدمات میں ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2019ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کے دور ان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے معاملے پر نیب حکام نے مشاہد حسین سید کے سوال پر بتایا ہے کہ کچھ مقدمات میں ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے زیادہ تاخیر ہوجاتی ہے جس پر کمیٹی چیئر مین شہباز شریف نے برجستہ جواب دیا کہ میرے کیس میں تو فوری ریکارڈ مل جاتا ہے۔

جمعہ کو ہونے والے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کے دور ان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے معاملے پر نیب حکام نے بتایا کہ یہ کیس نیب کو نہیں بھیجا گیا، نیب نے اپنے طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ڈائریکٹر نیب نے کہاکہ نیب کو مکمل ریکارڈ نہیں ملا۔شہباز شریف نے کہاکہ میرے کیس میں آپ کو ایک سیکنڈ میں ریکارڈ مل جاتا ہے بلکہ مجھے پکڑ کر اس وجہ سے رکھا کہ کہیں میں ریکارڈر غائب نہ کردوں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شہبازشریف کے ریمارکس پر کمیٹی اجلاس میں قہقہے لگائے گئے ۔ مشاہد حسین سید نے کہاکہ نیب کا مقدمات پر تحقیقات کا میرٹ کیا ہے، کتنا وقت درکار ہوتا ہے۔نیب حکام نے کہاکہ کچھ مقدمات میں ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے زیادہ تاخیر ہوجاتی ہے۔نیب حکام نے بتایا کہ عدالت میں زیر التواء مقدمات کی وجہ سے بھی نیب کی کاروائی طوالت اختیار کرلیتی ہے۔ شہباز شریف نے نیب حکام کو کہاکہ پیر کو تفصیلات بتائیں۔