چور داماد نے اپنے سسرال میں ہی واردات کر ڈالی

پولیس نے سسرالیوں کے گھر میں 7 لاکھ سے زائد نقدی اور 15تولے طلائی زیورات چرانے والے داماد کو گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 2 فروری 2019 12:15

چور داماد نے اپنے سسرال میں ہی واردات کر ڈالی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) سی آئی اے پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سسرالیوں کے گھر واردات کرنے والے داماد کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے 6 لاکھ 50 ہزاروں اور 11 تولے طلائی زیوارت برآمد کر لیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چند ماہ قبل تھانہ سبزی منڈی کے علاقے کنگنی والا کے رہائشی محمد مصفطیٰ کے گھر واردات ہوئی جس میں 7 لاکھ سے زائد نقدی اور 15تولے طلائی زیورات چوری ہو گئے تھے۔

پولیس نے واردات کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے کاروائی شروع کر دی لیکن ملزمان کا کوئی سراغ نہ مل سکا کیونکہ ملزم محمد مصطفیٰ کا داماد نوید تھا جو کہ واردات کو ٹریس کرنے کے لیے پولیس کے ساتھ ہر طرح کی کاروائی میں بھی شامل رہا۔کیس جب سی آئی اے کے پاس گیا تو ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ نے ملزم نوید کی تفتیش کی جس پر ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے 6لاکھ 50 ہزار روپے نقدی اور 11تولے طلائی زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔جب کہ دوسری جانب سی آئی اے پولیس کی مختلف ٹیموں نے ماہ جنوری میں قتل ، اغوااور ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث17 گینگز کی54ملزمان کو گرفتار کر کے 3کروڑ54لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، مال مسروقہ اور ناجائز آتشیں اسلحہبرآمد کر لیا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری ہماری اولین ترجیح ہے اور آئندہ بھی ہم ان کی سرکوبی کے لیے اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔ آخر میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے 40مدعی مقدمہ میں2کروڑ 41لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء تقسیم کیں۔