آسیہ بی بی اس وقت کینیڈا میں موجود ہیں

آسیہ بی بی کے وکیل وکیل سیف الملوک کا جرمن اخبار کو انٹرویو میں بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 12:24

آسیہ بی بی اس وقت کینیڈا میں موجود ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء) : آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے آسیہ بی بی کے کینیڈا میں موجود ہونے کی تصدیق کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق جرمن اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے کہا کہ آسیہ بی بی اس وقت کینڈا میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ کی بیٹیاں پہلے سے ہی کینڈا جا چکی تھیں جبکہ سپریم کورٹ سے بری ہونے کے بعد آسیہ بیرون ملک روانہ ہوگئی تھیں ، کینڈین حکومت نے آسیہ کو سیاسی پناہ دینے کا فیصلہ کیا تھا ،کینیڈا کے ایک بشپ نے بتایا تھا کہ چونکہ کینیڈا میں بھی اسلام پسندوں کی جانب سے آسیہ پر حملے کا خدشہ ہے لہٰذا اس کی شناخت بدلی جا سکتی ہے اور وہ کسی گاﺅں میں رہیں گی۔

آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملکوک کے مطابق آسیہ کے ساتھ ان کے شوہر بھی کینیڈا گئے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی وجوہات کی بنا پر وہ نہیں بتا سکتے کہ آسیہ کب اور کس وقت پاکستان سے گئیں۔ اخبار کے مطابق اس سے قبل جرمنی کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹ یونین کے رکن پارلیمنٹ ووکر کوڈر نے بتایا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہی آسیہ کسی باقاعدہ مسافر پرواز سے باہر نہیں جا سکتیں۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آسیہ بی بی کو کسی خصوصی طیارے سے پاکستان سے باہر لے جایا گیا، یا وہ نام بدل کر عام پرواز سے گئی یا پھر اس نے اپنے نام سے ہی سفر کیا۔ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک سے جب اس حوالے سے دریافت کیا گیا کہ کیا وہ اب پاکستان میں رہیں گے یا بیرون ملک چلے جائیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ میں پاکستان میں ہی رہوں گا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بات کرتا رہوں گا۔

یاد رہے کہ 31 اکتوبر 2018ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کے خلاف آسیہ مسیح کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کلمہ شہادت سے آغاز کیا اور لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے آسیہ بی بی کو معصوم اور بے گناہ قرار دیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا، عدالت کے اس فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو 9 سال کی اسیری کے بعد ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست بھی خارج کر دی گئی۔ جس کے بعد آسیہ بی بی کو بیرون ملک سفر کے لیے حکومت کی جانب سے کلئیرنس دے دی گئی تھی۔