Live Updates

اگر نواز شریف باہر چلے گئے تو مریم نواز کا کیا ہو گا ؟

سینئیر صحافی نے مریم نواز کے حوالے سے خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 13:25

اگر نواز شریف باہر چلے گئے تو مریم نواز کا کیا ہو گا ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ اگر کوئی ڈیل ہو جاتی ہے اور اُس ڈیل کے تحت نواز شریف ملک سے باہر چلے جاتے ہیں تو مسلم لیگ ن بکھر جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو 1999ء اکتوبر میں بھی مسلم لیگ ن اُس وقت تک کامل اور قائم تھی جب تک شریف خاندان ملک سے باہر نہیں گیا تھا۔

اُس وقت جو مشرف کی حکومت تھی ، اُس کے باوجود مسلم لیگ ن متحد تھی ، اُس کے بعد یہ چیز سامنے آئی کہ شریف خاندان 10 سال تک سیاست سے کنارہ کش ہو گیا ہے۔ اگر نواز شرفی باہر جا رہے ہیں ، اگر ایسا ہوا تو مجھے مریم نواز بھی عملی سیاست میں آتی ہوئی نظر نہیں آ رہی۔ شہباز شریف پہلے ہی بہت بیمار ہیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی ڈیل ہو گئی تو ہو سکتا ہے کہ 2000ء کی تاریخ دوبارہ دوہرائی جائے۔

اُس وقت ملٹری حکومت تھی اب ایک سیاسی جماعت کی حکومت ہے لیکن اگر نواز شریف باہر چلے گئے تو اس سے پاکستان تحریک انصاف کی اپنی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان آجائے گا۔ موجودہ حکومت پر کئی سوالات اُٹھائے جائیں گے، لیکن سب سے زیادہ مسلم لیگ ن متاثر ہو گی کیونکہ اب تک مسلم لیگ ن متحد ہے ، اب تک اُن کا ووٹر بھی متحد ہے، اُن کی الیکٹورل سپورٹ بھی موجود ہے۔

اگلے سال لوکل باڈیز الیکشن ہونے ہیں، اگر اُس سے پہلے کچھ سیٹ اپ ہو گیا تو مسلم لیگ ن لوکل باڈیز الیکشن میں دوسری شکل اختیار کر لے گی۔ 2000ء میں مسلم لیگ ن ٹوٹنے کے بعد ہی مسلم لیگ ق تشکیل پائی تھی۔ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن 2000ء میں شہباز شریف وہ آخری شخص تھے جنہوں نے بیرون ملک جانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ واضح رہے کہ کئی سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مریم نواز اب سیاست میں دوبارہ متحرک نہیں ہوں گی ، اس کی ایک وجہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنان کا مریم نواز کی قیادت پر اظہار عدم اعتماد بھی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات