کھوکھر برادران کیخلاف شہریوں کی اراضی پر قبضوں کے خلاف ازنوٹس کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل بنچ پیر کے روز سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں کیس کی سماعت کریگا

ہفتہ 2 فروری 2019 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) کھوکھر برادران کے خلاف شہریوں کی اراضی پر قبضوں کے خلاف ازنوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر ،سپریم کورٹ نے ڈی جی اینٹی کرپشن ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر کو نوٹسز جاری کر دئیے ۔جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الحسن پیر کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور رکن قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن ،ایف آئی اے اور ڈی جی ایل ڈی اے ،لارڈ مئیر لاہور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈی سی لاہور، ڈی سی قصور، ڈی پی او قصور اور ڈی پی او قصور کو نوٹس جاری کر دیئے ۔سپریم کورٹ نے سیف الملوک کھوکھر ،افضل کھوکھر اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو نوٹس جاری کر دیئے ۔سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن رپورٹ کی سفارشات منظور کرکے کاروائی کا حکم دے رکھا ہے ۔اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے عملدرآمد رپورٹ جمع کروائے جانے کا امکان ہے ۔کھوکھر برادران پر شہریوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے کا الزام ہے۔