قطر کی قومی فٹبال ٹیم کی ایشیاء کپ میں کامیابی پر ہر پاکستانی خوش ہے، پوری قوم مبارکباد پیش کرتی ہے،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

ہفتہ 2 فروری 2019 18:37

قطر کی قومی فٹبال ٹیم کی ایشیاء کپ میں کامیابی پر ہر پاکستانی خوش ہے، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قطر کی قومی فٹبال ٹیم کی ایشیاء فٹبال کپ کا فائنل جیتنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور قطر کے وزیر اعظم عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی ایشیاء فٹبال کپ میں کامیابی پر ہر پاکستانی کو دلی خوشی ہوئی ہے۔

ہفتے کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قطر کی قیادت نے ہمیشہ کھیلوں کی پزیرائی کی ہے اور انکی ذاتی سرپرستی کی بدولت آج قطرکھیلوں کی دنیا میں اپنا مقام بنا رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان اور قطر کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون دن بدن مضبوط ہوتا جا رہا ہے ، اور پاکستانیوں ایک بڑی تعداد قطر میں روزگار کی خاطر قیام پزیر ہے ، اور یہی کمیونٹی دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم قطر کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں ، اور پاکستان کی حکومت ، عوام اور پارلیمان اس تاریخی کامیابی پر قطر کی حکومت ، عوام اور پارلیمان کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ قطر کے امیر کے ذاتی دوست ہیں اور آنے والے دنوں میں چیئرمین سینیٹ کا ذاتی حیثیت سے مبارکباد دینیکے لئے قطر کے دورہ کا بھی امکان ہے۔