شمالی وزیرستان میں براڈ بینڈ کوریج کا منصوبہ، جاز اور یو ایس ایف کے مابین معاہدہ طے پا گیا

وزیرستان، فرنٹئیر ریجن، بنوں اور لکی مروت تک موبائل براڈ بینڈ تک رسائی دی جائے گی، معاہدے کا متن پاکستان کو ڈیجٹلائز کرنے کے لئے براڈ بینڈ تک رسائی لازم ہے، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی جاز اور یو ایس ایف ملکر شمالی وزیرستان، فرنٹیر ریجن، بنوں اور لکی مروت میں کام کریں گے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 فروری 2019 17:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) شمالی وزیرستان میں براڈ بینڈ کوریج کا منصوبہ، جاز اور یو ایس ایف کے مابین معاہدہ طے پا گیا ۔ بدھ کو ڈیجیٹل کمیونیکشن کمپنی جاز اور یونیورسل سروس فنڈ کے درمیان 192 ملین روپے کا معاہدہ طے پاگیا۔معاہدہ کی دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی مہمان خصوصی تھے۔

معاہدے کے مطابق شمالی وزیرستان، فرنٹئیر ریجن، بنوں اور لکی مروت تک موبائل براڈ بینڈ تک رسائی دی جائے گی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر یو ایس ایف رضوان میر اور سی سی ای آو جاز علی نصیر نے معاہدے پر دستخط کئے۔وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ڈیجٹلائز کرنے کے لئے براڈ بینڈ تک رسائی لازم ہے۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یو ایس ایف دور دراز کے علاقوں میں براڈ بینڈ کی رسائی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جاز اور یو ایس ایف ملکر شمالی وزیرستان، فرنٹیر ریجن، بنوں اور لکی مروت میں کام کریں گے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ آج کا دن اور یہ معاہدہ پاکستان کے لئے بہت اہم ہیں۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ تبدیلی تیزی سے ان علاقوں تک پہنچائیں گے جہاں بہت کم ترقی ہوئی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان علاقوں کے باصلاحیت نوجوانوں اور انکی امیدوں کو پورا کرنے کے لئے یہ معاہدہ اہم ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بعد یہ منصوبہ جنوبی وزیرستان میں بھی شروع کیا جائیگا۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ اتھارٹی کا مقصد ملک میں دی جانے والی تعلیم کے معیار پر نظر رکھنا ہو۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ولیج بن گئی ہے اج ہمیں آئی ٹی ماہرین کی ضرورت ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہمیں معیار تعلیم کو بہتر بنا کر عالمی معیار کے ماہرین پیدا کرنا ہوں گے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سائبر سیکورٹی کی اتھارٹی کا قیام بھی بہت ضروری ہے، سائیبر سیکورٹی کی اتھارٹی کے قیام کیلئے کام ہورہا ہے۔