ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بیرون ملک پی ایچ ڈی وظائف کے لیے درخواستیں طلب کر لیں

وظائف ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ترقی یافتہ ممالک کی بہترین جامعات میں خزاں 2019اور بہار2020کے لیے دیے جائیں گے

جمعہ 8 فروری 2019 21:22

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بیرون ملک پی ایچ ڈی وظائف کے لیے درخواستیں طلب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2019ء)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مختلف شعبہ جات میں بہترین تعلیمی قابلیت رکھنے والے پاکستانی اور آزاد کشمیر کے شہریوںکو بیرون ملک پی ایچ ڈی وظائف فراہم کرنے کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں ۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 18فروری2019ہے۔ یہ وظائف ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ترقی یافتہ ممالک کی بہترین جامعات میں خزاں 2019اور بہار2020کے لیے دیے جائیں گے ۔

درخواست گزاروں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آن لائن پورٹل : eportal.hec.gov.pkکے ذریعے درخواستیں جمع کروانا ہوں گی اور درخواست گزاروں کی تعلیمی قابلیت ایم فل، ایم ایس یا اس کے مساوی ہونی چاہیے ۔ ایسے درخواست گزار جن کی ایک سے زائد سیکنڈ ڈوژن ہے وہ درخواست دینے کے اہل نہیں ۔

(جاری ہے)

مزید براں اہل درخواست گزاروں کاسالانہ سسٹم کے تحت ایم ایس، ایم فل یا اس کے مساوی ڈگری میں فرسٹ ڈوژن ہونا لازمی ہے اور سمسٹر سسٹم میں کم از کم سی جی پی اے 3.0/4.0ہونا چاہیے ۔

درخواست جمع کروانے کے لیے سرکاری جامعات اور کالجز کے کل وقتی اساتذہ اور سرکاری ریسرچ اینڈڈویلپمنٹ کے اداروں میں کام کرنے والے افراد کی عمر کی حد 40سال ہونی چاہیے جبکہ دیگر درخواست گزاروں کی عمر کی حد 35سال رکھی گئی ہے ۔ درخواست گزاروں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ میں ستر فیصد نمبر بھی حاصل کرنا ہوں گے ۔ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ تمام وظائف ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹ کی بنیاد پر صوبائی کوٹہ کو مدنظر رکھتے ہوئے دیے جائیں گے ۔

جس جامعہ میں درخواست گزار کو وظیفہ پر داخلہ ملے گا، اس جامعہ کی جانب سے داخلہ دینے کے لیے شرائط جیسا کہ International GRE, IELTSوغیرہ کے امتحانات بھی درخواست گزار کو پاس کرنا ہوں گے ۔ درخواست گزاروں کو یہ نصیحت کی جاتی ہے کہ وہ داخلہ لینے سے پہلے جامعات کی جانب سے دی گئی شرائط مکمل کر لیں