منشیات ہمارے نوجوانوں اور انسانیت کو متاثر کر رہی ہے،شہریار آفریدی

حکومت ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہے ، ہم عالمی سطح پر منشیات کا خاتمہ چاہتے ہیں،وزیر مملکت برائے داخلہ کا کوسٹ گارڈز کی تقریب سے خطاب

پیر 11 فروری 2019 17:38

منشیات ہمارے نوجوانوں اور انسانیت کو متاثر کر رہی ہے،شہریار آفریدی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات ہمارے نوجوانوں اور انسانیت کو متاثر کر رہی ہے، حکومت ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہے اور جلد پاکستان کو منشیات سے پاک بنانا چاہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے منشیات جلانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں اعلیٰ عسکری ،سول افسران ،بین الاقوامی کمیونٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی ۔پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے نذر آتش کی جانے والی منشیات میں 9260.110کلو گرام چرس ،12کلو گرام ہیروئن ،1.100کلو گرام کرسٹل ،13کلو گرام افیون ،4ٹن چھالیہ اور انڈین گٹکا ،35178شراب کی بوتلیں ،88بیگ وائن اور 80473بیئر کے ٹن شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

نذرآتش کی جانے والی منشیات عالمی مارکیٹ میں مالیت 358ملین روپے سے زائد ہے ۔شہر یار آفریدی نے منشیات کی روک تھام میں کوسٹ گارڈز کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ملک سے منشیات کے خاتمے میں کوسٹ گارڈز کا اہم کردار ہے۔آج کی اس تقریب میں پاکستان کوسٹ گارڈز اسکول کے طلباء و طالبات کی جانب سے منشیات کے سماجی اور معاشرتی مضر اثرات سے آگاہی پر مبنی ٹیبلو بھی منشیات کے خلاف کوسٹ گارڈز کی کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے ۔

انہوں کہا کہ ہم عالمی سطح پر منشیات کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے پاک-افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کسی بھی معاشرے کے لیے ناسور ثابت ہوتی ہے، منشیات کیخلاف آپریشن کا تقاضہ یہ ہے کہ اسے ٹیم ورک میں سرانجام دیا جائے۔وزیر مملکت نے کہا کہ منشیات ہمارے نوجوانوں اورانسانیت کومتاثرکر رہی ہے۔

منشیات کیخلاف آپریشن کوپورے ملک میں پھیلا رہے ہیں اور انشااللہ بہت جلد پاکستان کو منشیات سے پاک کردیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں یہ آگاہی پھیلانا ضروری ہے کہ منشیات کا ناسور کس طرح ہماری قوم اور بین الاقوامی برادری کو نقصان پہنچارہا ہے لہذا ہم سب کو مل کر منشیات جیسی لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہوگا ۔یقینا یہ بھی عبادت ہے ۔