Live Updates

حکومت نے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے رائے طلب کرلی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 12 فروری 2019 15:26

حکومت نے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کیلئے  تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری2019ء) حکومت نے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کیلئے رائے طلب کرلی ہے ۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ذرائع کے مطابق تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ وہ ریاست مدینہ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مسلمانوں کے مقدس دن جمعہ کی چھٹی کو بحال کریں۔ملک میں دو طرح کے چھٹی کے نظام سے بچے اور والدین تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔

ملک بھر کے بیشتر شہروں میں کاروباری ادارے جمعہ کے روز بند ہوتے ہیں جبکہ سرکاری ادارے جمعہ کو معمول کے مطابق کھلے ہوتے ہیں اس طرح بچے والدین سے نہیں مل پاتے جس پر حکومت نے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کیلئے مختلف وزارتوں سے رائے طلب کی ہے۔صدر مملکت عارف علوی بھی علما کرام کے مطالبے کی حمایت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ جمعہ کے روز چھٹی کا مطالبہ جائز ہے۔

خیال رہے علماکرام کی طرف سے جمعہ کے روز چھٹی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی زیر صدارت نومبر میں لاہور میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں قومی علما ء مشائخ کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سود کی ممانعت، جمعہ کی تعطیل کی بحالی اور تعزیرات پاکستان میں 295 سی کو بالکل نہیں چھیڑا جائے گا۔ اجلاس میں ملک کے طول و عرض سے کونسل کے اراکین علما کرام اور مشائخ نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکا کو یقین دلوایا کہ حکومت قومی علما مشائخ کونسل کی سفارشات پر بھرپور عمل کرے گی، تمام مسالک کے نمائندگان پر مبنی وفد وزارت کی زیر نگرانی مدارس دینیہ کا دورہ کرے گا۔ قومی علماء و مشائخ کونسل کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیہ کے دیگر نکات میں صوبائی اور ضلعی سطھ پر علما مشائخ کونسل اور متحدہ علما بورڈ کے قیام کے لیے پُرزور سفارش کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات