Live Updates

آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر قرض لینے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا‘امیر العظیم

حکومت اپنی کارکردگی پر پردہ ڈالنے اور سیاسی مقاصد کے لیے سوشل میڈیا پر پابندیاں لگارہی ہے‘ امیرجماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 14 فروری 2019 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ آئی ایم کی سخت شرائط پر قرض لینے سے ملک میں مہنگائی اور بڑھے گی اور معاشی حالت بہترہونے کی بجائے مزید بگڑ جائے گی۔ بجلی کو 30فیصد تک مہنگا کرنا عوام پر بجلی بم گرانے کے مترادف ہوگا۔ ایسے اقدامات سے حکمرانوں کے معاشی وژن کی قلعی کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرض لے کر ملک پہلے چلا ہے اور نہ ہی آئندہ چل پائے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ملکی وسائل سے استفادہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے کے ریمارکس تشویشناک ہیں۔

(جاری ہے)

دن بدن ہراسگی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

جب کہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو اولین بنیادوں پر تحفظ فراہم کرے۔ اسلامی معاشرے میں خواتین کو اعلیٰ مقام و مرتبہ حاصل ہوتا ہے۔ مگر بد قسمتی سے کچھ نام نہاد این جی اوز اپنے غیر ملکی ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے خواتین کو ہراساں کرنے اور اس سے جڑے دیگر معاملات پر منفی کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کریک ڈائون جیسے اقدامات سے ملک میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہوگی۔ ماضی میںتحریک انصاف سوشل میڈیا پر قدغن کی مخالف رہی ہے۔ اب جبکہ عمران خان خود وزیر اعظم ہیں تو وہ اپنی حکومتی کارکردگی پر تنقید پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی بجائے سوشل میڈیا پر پابندیاں لگانا چاہتے ہیں ۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ اداروں کی توہین اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے مگر اس کی آڑ میں سیا سی مقاصد کو حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات