رواں سال پی ایس ایل سے 2 ارب روپے کی آمدنی متوقع :نجم سیٹھی

اس سال پاکستان میں 8کی بجائے12میچز کروائے جانے چاہیئے تھے: سابق چیئر مین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 فروری 2019 21:21

رواں سال پی ایس ایل سے 2 ارب روپے کی آمدنی متوقع :نجم سیٹھی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن سے کرکٹ بورڈ کو 2 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔”اردو پوائنٹ “ کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب وہ پی سی بی کے چیئرمین بنے تو انہیں علم ہوا کہ سابق چیئرمین شہریار خان بھی بورڈ کو مالی نقصان کے پیش نظر پی ایس ایل منعقد کروانےکا خطرہ مول لینے سے ہچکچا رہے تھے جس پر انہوں نے اپنی ذمہ داری پر پاکستان کی ٹی ٹونٹی لیگ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ،نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے پہلا سیزن میں بورڈ کو 30 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا جبکہ دوسرے سیزن میں یہ نفع بڑھ کر 50 کروڑ تک پہنچ گیا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ لیگ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ا یک برانڈ بن گئی اور تیسرے سیزن میں لاہور اور کراچی میں ایک ایک میچز منعقد کرنے کے بعد بورڈ کو 100 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل سے پی سی بی کو 200 کروڑ روپے کا فائدہ متوقع ہے۔ پاکستان میں پی ایس ایل میچز منعقد کروانے سے متعلق نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس سال پاکستان میں 8 نہیں بلکہ 12 میچز منعقد کیے جانے چاہیے تھے،لاہور اور کراچی کے ساتھ ساتھ ملتان کو بھی 4 میچز کی میزبانی ملنی چاہیے تھی کیونکہ وہاں کا سٹیڈیم بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کے لیے بالکل تیار ہے۔

پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے مدعو کیے جانے کے سوال پر نجم سیٹھی نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس وقت لاہور میں ہی ہیں لیکن ان کا دل متحدہ عرب امارات میں ہے۔