سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس

مالی سال2019-20ء کے بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے کھیلوں کے فروغ کیلئے تجاویز و منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا

جمعہ 15 فروری 2019 18:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلا س میں مالی سال2019-20ء کے بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے کھیلوں کے فروغ کیلئے تجاویز و منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے قائمہ کمیٹی کو مالی سال2019-20ء کی پی ایس ڈی پی میں منصوبہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 7380 ملین کی 7 سکیمیں جاری ہیں اور پی ایس ڈی پی میں اس حوالے سے 2844 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، ان سکیموں میں ناروال میں سپورٹس سٹی کی تعمیر ،پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں بائیو مکینیکل لیب کی تعمیر ، کراچی میں باکسنگ جمنیزئیم کی تعمیر ، سوات میں ہاکی کے میدان ٹرف (گھاس)لگانے کے علاوہ اسلام آباد ، فیصل آباد ، واہ کینٹ ، پشاور ، کوئٹہ اور ایبٹ آباد میں ہاکی کے میدانوں میں ٹرف لگانے کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ 2229 ملین کے 6 غیر منظورشدہ منصوبے بھی شامل ہیں اور پی ایس ڈی پی میں ان کیلئے 780ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئی پی سی میں ای سسٹم کیلئے 53.6 ملین روپے کا ایک منصوبہ وزارت آئی پی سی نے تیار کیا ہے اور پی ایس ڈی پی میں اس کیلئی38 ملین روپے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری آئی پی سی نے انکشاف کیا کہ رواں مالی سال میں جاری سکیموں کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی فنڈ ابھی تک جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔

جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا کہ جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے سے ملک کو قومی نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ قائمہ کمیٹی ہدایت کرتی ہے پہلے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور حکومت ان منصوبوں کیلئے فنڈ کی فراہمی یقینی بنائے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ پاکستان کی ہاکی دنیا بھر میں مشہور تھی اس کھیل میں پاکستان عالمی چمپئن بھی رہا ہے اور ہاکی کا کھیل پاکستان کی وجہ شہرت بھی رہا ہے مگر سوائے کرکٹ کے دیگر تمام کھیل تنزلی کا شکار ہیں حکومت ہاکی کے کھیل پر خصوصی توجہ دے یہ ہمار ا قومی کھیل بھی ہے۔

انہوں نے وزارت آئی پی سی کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی 2019-20 میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور چاروں صوبوں میں آرٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کیلئے تجاویز شامل کی جائیں۔چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ کوئٹہ کے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ جہاں ہاکی کے کھلاڑی موجود ہوں وہاں کے میدانوں میں ٹرف لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ معاملات میں بہتری کیلئے مرکز ،چاروں صوبوں اور متعلقہ وزارتوں کو بلا کر ایک حکمت عملی اختیار کی جائے جس کے تحت ملک کی تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے بہتری لائے جائے۔

سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا کہ ناروال کامنصوبہ 15 سال سے جاری ہے جو کہ تاخیر کا شکار ہے اس کو جلد ازجلد مکمل کرایا جائے۔اجلاس میں سینیٹرز لیفٹیننٹ جنرل(ر)صلاح الدین ترمذی،پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی ، عابدہ محمد عظیم، خانزادہ خان اور سیمی ایذی کے علاوہ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر خان درانی ، ڈی جی سپورٹس عارف ابراہیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔