نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کرنے سے قبل جیل میں طبی معائنہ

جیل میں نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے، ذرائع

جمعہ 15 فروری 2019 20:43

نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کرنے سے قبل جیل میں طبی معائنہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا جناح اسپتال منتقل کرنے سے قبل کوٹ لکھپت جیل میں طبی معائنہ کیا گیا۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کے ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا، نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے، نواز شریف کوہلکا بخار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کو جیل سے جناح اسپتال منتقل کرنے کے لیے سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے، اسپتال میں تین شفٹوں میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے، ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں الگ الگ نفری تعینات ہوگی جب کہ نواز شریف کے کمرے کو سب جیل ڈیکلییر کردیا جائے گا۔

۔پولیس کے مطابق نواز شریف کے وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا، صرف حکومت کے تشکیل کردہ ڈاکٹرز کے بورڈ کو کمرہ تک رسائی ہوگی، نواز شریف کے کمرے کو جانے والے راستے پر تمام ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی 3 جگہ چیکنگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نواز شریف کی ناسازی طبیعت کے سبب میڈیکل بورڈ نے انہیں جناح اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔