مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کا ردعمل بھارت میں بھی آسکتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان پر الزام عائد کرنا اور ملبہ ہم پر ڈالنا بہت آسان ہے ،آج کی دنیا الزامات سے قائل نہیں ہوگی، انٹرویو

ہفتہ 16 فروری 2019 14:18

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کا ردعمل بھارت میں بھی آسکتا ہے، وزیر ..
میونخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کا ردعمل بھارت میں بھی آسکتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دنیا بھر سے عالمی ماہرین اپنی آراء کا اظہار کرتے ہیں جس میں عدم استحکام کی وجہ بننے والے واقعات پر بحث ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران افغانستان امن عمل اہم موضوع ہے، کانفرنس میں افغانستان کے صدراور وزیرخارجہ کو مدعو کیا گیا ہے، افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کرنیکا موقع مل رہا ہے اور ساتھ ہی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اہم ملاقاتوں کے مواقع مل رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے سے متعلق انہوںنے کہاکہ پلوامہ میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہوا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور حکومت کی سوچ واضح ہے کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھا سلوک چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، پاکستان پر الزام عائد کرنا اور ملبہ ہم پر ڈالنا بہت آسان ہے لیکن آج کی دنیا ان الزامات سے قائل نہیں ہوگی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف دنیا بھر اوربھارت کے اندر سے آوازیں آرہی ہیں، سابق ریاستی وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ پاکستان پر الزام عائد کرنا آسان کام ہے لیکن جاکر دیکھیں مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کا ردعمل نہیں ہوگا بھارت میں خواتین سے زیادتیوں، پیلٹ گنوں اور جنازوں پر ردعمل آسکتا ہے۔