نواز شریف کو کوئی خطرناک بیماری ہے نہ ہی فوری علاج کی ضرورت ہے. سربراہ میڈیکل بورڈ

پرانے میڈیکل ریکارڈ اور نئی ٹسیٹ رپورٹوں کا باریکی سے جائزہ لیا ہے‘بورڈ کاکام مکمل ہوگیا ہے. ڈاکٹرعارف تجمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 فروری 2019 16:40

نواز شریف کو کوئی خطرناک بیماری ہے نہ ہی فوری علاج کی ضرورت ہے. سربراہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2019ء) سابق وزیراعظم کے علاج کیلئے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر عارف تجمل نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کوئی خطرناک بیماری ہے اور نہ ہی فوری علاج کی ضرورت ہے، رپورٹ جیل حکام کو بھجوا دی ہے، پاکستان بالخصوص جناح ہسپتال میں ہر قسم کے علاج کی سہولت موجود ہے.

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل اور جناح ہسپتال لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کیلئے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر عارف تجمل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے نوازشریف کی پرانی میڈیکل رپورٹ موصول ہوچکی ہے، جناح ہسپتال میں ٹیسٹ اور مریض کی گفتگو کے بعدجیل حکام کو رپورٹ دی، اس رپورٹ کے بعد ہمارے بورڈ کاکام مکمل ہوگیا ہے.

ڈاکٹرعارف تجمل نے کہا کہ میاں نوازشریف ابھی بھی ہماری نگرانی میں ہیں، جب تک جیل حکام سمجھیں میاں صاحب یہاں رہے تو نگرانی کریں گے، جوجیل حکام احکامات دیں گے ہم اس پرعمل کریں گے. علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل نے کہا نواز شریف کا علاج یہاں آنے سے پہلے ہی چل رہاتھا ، پاکستان بالخصوص جناح ہسپتال میں ہرقسم کے علاج کی سہولت موجود ہے، جو میڈیکل بورڈ بنایاگیاہے، خاص امراض سے متعلق بنایاگیاہے.

انہوں نے کہا کہ کوئی ہسپتال مریض کی مرضی کے بغیرعلاج نہیں کرسکتا، حکام اگرکہیں گے نواز شریف کاعلاج یہاں ہو تو علاج کریں گے، نواز شریف کے ٹیسٹ اور طبیعت کے مطابق کوئی فوری خطرہ نہیں ہے، ہم نے لائحہ عمل بنا کر دے دیاہے. ڈاکٹرعارف تجمل نے کہا نوازشریف کے امراض کے بارے میں نہیں بتا سکتے، تمام امراض کا علاج جناح ہسپتال میں میسر ہے،وہ مزید کتنے دن یہاں رہیں گے، اس کا فیصلہ جیل حکام نے کرنا ہے.

اس سے قبل ایم ایس جنا ح ہسپتال ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو پنجاب حکومت کی ہدایت پرتمام سہولتیں دے رہے ہیں، نوازشریف کی پرانی رپورٹس دیکھ کربورڈ آئندہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا. ایم ایس جناح ہسپتال نے کہا کہ کل ایکو ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کی رپورٹس آگئی ہیں، رپورٹس کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرسکتے، تمام ٹیسٹوں کی رپورٹیں محکمہ داخلہ کو بھیج دی ہیں، نوازشریف کومنتقل کرنے کا اختیارحکومت کے پاس ہے.واضح رہے کہ پہلے تشکیل شدہ تمام میڈیکل بورڈ بھی کہہ چکے ہیں کہ سابق وزیراعظم کو کوئی خطرناک مرض لاحق نہیں اور صحت کے حوالے سے انہیں جو معمولی مسائل ہیں ان کا علاج پاکستان کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ممکن ہے.