سندھ حکومت اگلے ہفتے سے شجر کاری مہم کا آغاز کرے گی، ناصر حسین شاہ

نیشنل فورم کی تقریب سے اشتیاق بیگ، ملک احمد جلال، انیس یونس، سید فخراحمد و دیگر کا خطاب

بدھ 20 فروری 2019 16:52

سندھ حکومت اگلے ہفتے سے شجر کاری مہم کا آغاز کرے گی، ناصر حسین شاہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) حکومت سندھ کا صوبے میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان اس سلسلے میں اگلے ہفتے سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے تحت سی ایس آر کے موضوع پر منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سی ای او امن ہیلتھ شازینہ مسعود، صدر الشفاء ٹرسٹ محمد شعیب، سابق سی ای او امن فائونڈیشن ملک احمد جلال، صدر میک اے وش فائونڈیشن مرزا اشتیاق بیگ، چیف کمیونکیشن اور مارکیٹینگ آفیسر کے الیکڑک سید فخر احمد، صدر نیشنل فورم محمد نعیم قریشی، صدر سی ایس آر کلب آف پاکستان انیس یونس، پرویز مدراسوالا، سیما طاہر خان، سلیم مغل، انجنئر ندیم اشرف، کرنل ر رضوان احمد اور حسین تھبو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کارپوریٹ سیکڑ، این جی اوز اور متعلقہ اداروں کو بھی شجرکاری مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف مقامات پر شہری جنگل کا قیام کیا جائے گا اس مقامات میں ملیر ندی اور لیاری ندی کے اطراف کے علاقے شامل ہیں۔انہوں نے کہا یہاں مقامی پودے اور درختوں کے ذریعے جنگل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے بتایا اس مہم کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر شروع کیا جارہا ہے تاکہ صوبے میں ماحولیات کا تحفظ کو تقینی بنایا جاسکے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا اس مہم میں شہر کے تمام متعلقہ اداروں جن میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، میئر کراچی و دیگر کو بھی ساتھ ملا کر کام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پچھلے ہفتے ایک میٹنگ بھی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ مہم کراچی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی شروع کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ فورسٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صوبے میں جنگلات کی زمین ہر قبضے کو خالی کروائیںتاکہ وہاں بھی جنگلات کیلئے شجر کاری کی جائے۔

شازینہ مسعود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن فائونڈیشن 2008سے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ امن فائونڈیشن سندھ حکومت کے تعاون سے 60سے 200 جدید ایمبولینس کا اضافہ کرنے پلان ہے۔انہوں نے کہا کے سندھ حکومت کے تعاون سے ٹھٹھہ اور سجاول میں امبیولینس سروس کام کررہی ہے ۔اس موقع پر الشفاء ٹرسٹ کے محمد شعیب نے کہا کہ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی طرف 2013میں تمام کارپوریٹ کیلئے واضح ہدایات ہیں کہ وہ اپنے اداروں میں سی ایس آر سے متعق کام کریں اور پی آئی اے ان ہدایات پر بھر پور عمل کر رہا ہے۔

سابق سی ای او امن فائو نڈیشن ملک احمد جلال نے کہا کہ کارپوریٹ ادارے، این جی اوز غربت، بھوک و افلاس اور دیگر مسائل پر قابو نہیں پا سکتے کیونکہ یہ حکومت کا کام ہے ۔انہوں نے کہا خیراتی ادارے تعلیم، صحت جیسے مسائل پر کام کرسکتے ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے میں حکومت کا ساتھ دے سکتے ہیں۔مرزا اشتیاق بیگ نے کہا کہ ایس ای سی پی کو کارپویٹ اداروں پر لازم کرنا چائیے کہ وہ اپنے منافع میں ایک یا دو فیصد حصہ سماجی مسائل کے حل پر خرچ کریں۔

سید فخر احمد نے کہا کہ ہمارے ملک میں لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کئی لوگوں نے کام کیا ہے اور ان میں عبدلستار ایدھی کا نا م سرفہرست ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایدھی فائونڈیشن کی ایمرجنسی ایمبولینس سروس دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ نیشنل فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے کہا کہ این ایف ای ایچ سندھ حکومت کی شجر کاری مہم کو بھر پور سپورٹ کرتی ہے اور اپنے بھر تعاون کا یقین بھی دلاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی ایس کلب کے قیام کا مقصد تمام این جی اوز، کارپوریٹ سیکڑ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور لوگوں کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔