وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا بہاولنگر کے سرحدی گائوں سریاںوالا میں زنجیروں میں جکڑے ذہنی مریض کی وائرل ویڈیو کا نوٹس

انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کو ذہنی مریض خیرمحمد کے علاج معالجے کی ہدایت،مریض کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا‘ڈاکٹر شہباز گل

جمعرات 21 فروری 2019 18:04

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا بہاولنگر کے سرحدی گائوں سریاںوالا میں زنجیروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولنگر کے سرحدی گائوں سریاںوالا میں زنجیروں میں جکڑے ذہنی مریض کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بہاولنگر کی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کو ذہنی مریض خیرمحمد کے علاج معالجے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں-ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ بہاولنگر کے سی ای او ہیلتھ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مریض خیر محمد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کیا جائے کیونکہ حکومت کے وسائل پر خیر محمد کا بھی پورا حق ہے اور حکومت پنجاب وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خیر محمد کے علاج کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی-ڈاکٹر شہباز گل نے بتایاکہ سریاںوالا کا خیرمحمد 25سال سے زنجیروں کے ساتھ زندگی بسر کر رہاہے اور اہل خانہ غربت کی وجہ سے خیر محمد کا علاج کرانے سے قاصرہیں اور بوڑھی ماں او ربے بس بھائی خیر محمد کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھنے پر مجبور ہیں اور ویڈیو میں ماں کے جڑے ہوئے ہاتھ دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوجاتی ہی-خیر محمد گھاس پھونس کے بنے ہوئے چھپر تلے شکستہ چار پائی پر مسیحائی کا منتظر ہی-25سال سے زنجیروں میں جکڑے ہوئے خیر محمد کی کہانی معاشرتی المیہ ہے۔