لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے میدان کل سجے گا ،تمام تر تیاریاں مکمل

چار سیٹوں پر 14 امیدواروں مدمقابل ،صدارت کے عہدے کیلئے تینوں امیدوراروں میں سخت مقابلہ ہوگا

جمعہ 22 فروری 2019 15:14

لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے میدان کل سجے گا ،تمام تر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے میدان کل (ہفتہ ) سجے گا جس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، عدالت عالیہ میں ووٹنگ کے باعث عام تعطیل ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کے انتخابات میں چار سیٹوں پر 14 امیدواروں مدمقابل ہوں گے ،صدارت کے عہدے کیلئے تینوں امیدوراروں میں سخت مقابلہ ہوگا ،لطیف کھوسہ گروپ کے صدارتی امیدوار ساجد بشیر ،عاصمہ جہانگیر گروپ کے حفیظ الرحمن چوہدری اور حامد خان گروپ کے خادم حسین قیصر کے درمیان میدان میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انتخابات کے سلسلہ میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔الیکشن بورڈ نے بھی انتخابات کے لیے پولنگ سکیم جاری کر دی ہے جس کے مطابق ووٹ نمبر 1تا 13171کیانی ہال،کراچی شہدا ہال اور جناح ہال میں اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے ،ووٹ نمبر 13172تا 22416ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں ووٹ کاسٹ کر سکیں گے ۔جبکہ خواتین کے لیے الگ پولنگ بوتھ اسٹڈی ہال میں قائم کر دیا گیا ہے ۔ہائیکورٹ میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹ کرنے سے متعلق طریقہ کار بھی واضع کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب عدالت عالیہ میں ووٹنگ کے باعث تعطیل ہو گی جبکہ الیکشن کے موقع سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جائیں گے ۔