پلوامہ حملہ،بھارتی سپریم کورٹ کا کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم

جمعہ 22 فروری 2019 18:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت اور 11 ریاستوں کو نوٹس جاری کردیا۔نوٹس میں کشمیری طلبہ پر حملوں کو روکنے میں ان کی مداخلت کیلئے دائر درخواست پر جواب مانگا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ نوٹس جموں اینڈ کمشیر، مہاراشٹرا، پنجاب، اترکھنڈ، بہار، اتر پردیش، ہریانہ، میگھا لایا، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کی ریاستوں کو جاری کیا گیا۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ مرکزی وزارت داخلہ تمام ریاستی حکومتوں کو یہ انتباہ جاری کرے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں میں کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنائیں، ساتھ ہی ریاستی پولیس کے سربراہان کو کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔