بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑنے کی تیاریاں مکمل کر لیں

مقبوضہ کشمیر میں سرحدی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے دکانداروں کو تمام اناج کل تک فروخت کرنے کا حکم، تمام ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 فروری 2019 18:52

بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑنے کی تیاریاں مکمل کر لیں
سری نگر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 فروری2019ء) بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑنے کی تیاریاں مکمل کر لیں، مقبوضہ کشمیر میں سرحدی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے دکانداروں کو تمام اناج کل تک فروخت کرنے کا حکم، تمام ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت کی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر کے تمام میڈیکل کالجز کے عملے کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔ بھارت کی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں سرحدی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے دکانداروں کو تمام اناج کل تک فروخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دکانداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ کل سے اپنی دکانیں تاحکم ثانی تک بند کر دیں۔ دوسری جانب پاک بھارت موجودہ کشیدگی کے پیش نظردفترخارجہ نے کرائسزمینجمنٹ سیل قائم کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرائسزمینجمنٹ سیل 24 گھنٹے کام کرے گا۔  کرائسزمینجمنٹ سیل کا کام سفارتی سطح اورسرحدی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے مسلسل رابطے میں رہنا ہوگا۔

اسی طرح سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کرتارپورجیسے اقدامات بھی خطرے میں ہیں۔ موجودہ تمام صورتحال میں دوست ممالک کی اخلاقی اورسیاسی حمایت درکارہے اور تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ ہیں۔ بھارت کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلے بھی سرجیکل اسٹرائیک سے متعلق بھارت سے شواہد مانگے تھے جو نہیں ملے۔

بھارت کوئی کارروائی کرے گا توبھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی ہائی کمشنرتاحال پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ جبکہ بھارتی ہائی کمشنراجے بساریہ بھی ابھی تک بھارت میں ہی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پرچری کوٹ اور باگسرسیکٹر کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈرز نے ایل اوسی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔آرمی چیف نے ایل اوسی پر تعینات جوانوں کے بلند جذبے اور تیاری کی تعریف کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔پاکستان کسی کے دباؤ میں آنے والا ملک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خوف زدہ ہیں اور نہ مجبور ہیں۔

کسی کی دھمکیوں اوردباؤسے مرعوب نہیں ہوں گے۔کسی بھی جارحیت اورمہم جوئی کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ انسانی حقوق ہائی کمشنر کے نام خط لکھا ہے جس میں خط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے کو بہتر انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔بھارتی حکومت نے بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی سوچ اس بات کی عکاس ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔