پشاور،پی ٹی آئی کے احتشام خان بھاری اکثریت سے ضلع ناظم منتخب

منگل 26 فروری 2019 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2019ء) تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے احتشام خان بھاری اکثریت سے ضلع ناظم منتخب ہو گئے۔ناظم کے انتخاب کے حوالے سے کونسل کا خصوصی اجلاس کنونیئر اسد علی کی صدارت میں ہوا جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہاب خان،ریٹرنگ افسر اسد اللہ ،اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر فدا محمد ،ڈسٹرکٹ افسر فنانس اینڈ پلاننگ ظہیر الدین بابر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فضل اللہ ، اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ضلع ناظم کے دوسرے راؤنڈ کے لئے کونسل کا خصوصی اجلاس بلایا گیا جس کی صدارت ضلع کونسل کے کنونیئر اسد علی نے کی ۔اجلاس میں کونسل کی112ارکان میں سے 95ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ریٹرنگ افسر اسد اللہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع ناظم کے انتخاب میں 95ارکان نے حصہ لیا جس میں تحریک انصاف کے احتشام خان نے 66ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ اے این پی کے ہمایون خان نے 29ووٹ حاصل کئے۔