Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا

ملک کی معاشی اور سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 27 فروری 2019 11:42

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا، اجلاس میں ملک کی معاشی اور سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا. وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بلایا گیا ہے جس میں ملکی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابینہ کو دیگر ممالک سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کریں گے‘ وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی.

دوسری جانب سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی کل تین بجے بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

بھارت کی فضائی در اندازی کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں‘ ملک کے دونوں ایوانوں سے بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کاپیغام دیاگیا ہے. گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا‘ انہوں نے کہا کہ بھارت اور دنیا کو دکھانا ہے کہ کسی بھی جارحیت پر تمام سیاسی جماعتیں اور قوم متحد ہے.

خواجہ آصف نے کہا ہمیں اپنے اختلافات بھلا کر پوری قوم کو متحد رکھنا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے فخر امام کا کہنا تھا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قومی قیادت کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے. قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھارتی دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے.

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن آپس میں جتنا بھی جھگڑیں ،دشمن کے خلاف سب متحد ہیں‘ اس کے علاوہ سینیٹ کے اجلاس میں بھی بھارتی جارحیت کی مذمت کی گئی، ن لیگ کے راجہ ظفر الحق نے کہا کچھ روز پہلے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کو بھرپور جواب دیں گے، آج بھی وہ الفاظ کانوں میں گونج رہے ہیں، اس معاملے پر تمام جماعتیں ایک ساتھ ہیں. پیپلز پارٹی کے رضا ربانی نے کہا پاکستانی قوم سیاسی اختلافات کے باجود بھارتی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے‘تحریک انصاف کے فیصل جاوید نے کہا کہ بھارتی شرارت پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات