سندھ ایجوکیشن ریگو لیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصدتمام بورڈزکی خود مختاری کو ختم کرنا ہے، چیئرمین سندھ

ایجوکیشنل بورڈ کمیٹی سندھ کے تمام بورڈز خود مختار ادارے ہیں ،جن کی اپنی اتھارٹی ہے، بورڈ کا قیام 1961سے قائم آرڈینینس و1973کے ایکٹ کو تبدیل کرنا ہے، اعجاز علی کاکا

جمعہ 1 مارچ 2019 21:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) سند ھ ایجوکیشنل بورڈ کمیٹی (SEBC)کے چیئرمین اعجاز علی کاکا نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایجوکیشن ریگو لیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصدتمام بورڈزکی خود مختاری کو ختم کرنا اور 1961سے قائم آرڈینینس و1973کے ایکٹ کو تبدیل کرنا ہے ،سندھ کے تمام بورڈز خود مختار ادارے ہیں ،جن کی اپنی اتھارٹی ہے جبکہ بورڈ آف گورنرمیں وائس چانسلر کے نمائندے سے لے کرشعبہ تعلیم کے نہایت تجربہ کار افراد شامل ہیں ،ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم ہوں گے ،جن کے بارے میں ہر پاکستانی جانتا ہے کہ وہ بورڈ میں کتنی ریفارمز لا سکتے ہیں ،اس اتھارٹی کے قیام کا مقصد صرف سندھ بورڈ زپر قبضہ کرکے اپنے مفاد پرست ارادوں کو پورا کرنا اور بورڈز میں اپنی مرضی کے سیاسی فیصلے لینا ہے جو کہ بورڈز ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،اس ریگو لیٹری اتھارٹی کو لانے کے لیے بڑے بہانے تلاش کیے گئے ہیں جن کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور بورڈز جدیدتقاضوں کے مطابق کام کر رہے ہیں تاکہ تمام طلبہ و طالبات کو درپیش مسائل فوری حل کیے جا سکیں ،سندھ کے تما م تعلیمی بورڈز گذشتہ18روز سے اس ناجائز فیصلے پر سراپہ احتجاج ہیں اور ہر بورڈ میں مسلسل احتجاجی مظٖاہرے کیے جارہے ہیں تاہم متعلقہ حکام اب تک اس مسئلے کا کوئی حل پیش نہیں کر سکے ہیں ،اعجاز علی کا مزید کہنا تھا کہ پورے سندھ کے تعلیمی بورڈز کے صدر ان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں موجود ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں ،ہم اپنے اداروں کی سلامتی اور ملازمین کے حقوق کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کریں گے ،انھوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ سندھ کے تعلیمی بورڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے انھیں تعلیمی ادارہ ہی رہنے دیا جائے ،جن سے سندھ کے تقریبا 10سی12لاکھ بچوں کا مستقبل وابستہ ہے ۔