خواجہ برادران کی درخواست ضمانتوں پر نیب سے 14مارچ کو جواب طلب

بدھ 6 مارچ 2019 18:06

خواجہ برادران کی درخواست ضمانتوں پر نیب سے 14مارچ کو جواب طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے پیراگون ہائوسنگ سکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانتوں پر سماعت 14مارچ تک ملتوی کر تے ہوئے چیئرمین نیب سے دوبارہ جواب طلب کرلیا ۔ مسٹر جسٹس شہزاد احمد خان اور مسٹر جسٹس وقاص رئوف پر مشتمل احتساب اپیلٹ بنچ نے درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی طرف سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

درخواست ضمانتیں میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا،نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا ،تمام ریکارڈ فراہم کیا۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کی جائے ۔دوران سماعت نیب کے وکیل فیصل بخاری نے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کی ۔جس پر عدالت نے سماعت 14مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کر کے دوبارا جواب طلب کر لیا ۔