سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی پی 217 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے روک دیا

حتمی فیصلے تک عام انتخابات میں کامیاب محمد سلمان ڈی نوٹیفائی رہیں گے، عدالت عظمیٰ

منگل 12 مارچ 2019 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو پی پی 217 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے روک دیا ہے اور کہاہے کہ حتمی فیصلے تک عام انتخابات میں کامیاب محمد سلمان ڈی نوٹیفائی رہیں گے۔ منگل کو ملتان کے حلقہ پی پی 217 انتخابی عزرداری کیس کی سماعت کی جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ۔

سماعت کے دور ان وکیل شاہ محمود قریشی رانا وقار نے کہاکہ تاریخ پیدائش کا تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن نے طلب کیا تھا۔وکیل شاہ محمود قریشی رانا وقار نے کہا کہ سپریم کورٹ چاہے تو تمام ریکارڈ طلب کر سکتی ہے۔وکیل رانا وقار نے کہا کہ کامیاب امیدوار کو غلط عمر بتانے پر ڈی نوٹی فائی کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل رانا وقار نے کہاکہ محمد سلمان نے کاغذات نامزدگی میں غلط عمر بتائی۔

وکیل محمد سلمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ حقائق کے مطابق نہیں۔وکیل محمد سلمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ معطل کیا جائے۔عدالت نے محمد سلمان کو عبوری حکم کے ذریعے بحال کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ فی الحال کوئی تبدیلی نہیں ہو گی،تمام ریکارڈ آ نے دیں۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ تسلیم شدہ حقائق نہ ہوں تو ریکارڈ دیکھنا پڑتا ہے۔

وکیل محمد سلمان نے کہا کہ ہمیں شاہ محمود قریشی کو شکست دینے کی سزا دی گئی۔وکیل محمد سلمان نے کہا کہ کوئی رٹ فائل نہیں ہوئی تو کیسے ڈی نوٹیفائی کیا جا سکتا ہے۔ دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی پی 217 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے روک دیا ۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ حتمی فیصلے تک عام انتخابات میں کامیاب محمد سلمان ڈی نوٹیفائی رہیں گے۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔