امریکہ پاکستانی عوام کی بہبود کے لیے حکومتوں کے مابین خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتا ہے،کولین گرام ویلز

امریکی قونصل جنرل لاہور کی وزیر قانو ن پنجاب محمد بشارت راجہ سے ملاقات

منگل 12 مارچ 2019 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2019ء) وزیر قانون، پارلیمانی امور و بلدیات محمد بشارت راجہ سے سول سیکرٹریٹ میں امریکی قونصل جنرل لاہور کولین گرام ویلز نے ملاقات کی۔انہوں نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستانی عوام کی بہبود کے لیے حکومتوں کے مابین خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پنجاب کے اصلاحاتی ایجنڈے میں پولیس اورلا اینڈ آرڈر کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

بشارت راجہ نے پنجاب کے لییامریکی معاونت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پولیس، لوکل گورنمنٹ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں ایف آئی آر کے اندراج سے لیکر تفتیش تک نئی اصلاحات لا رہے ہیں جو پولیس کو عوام دوست بنانے میں معاون ہونگی۔اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے نیا بلدیاتی قانون لا رہے ہیں، جس کا بل انشا اللہ اسمبلی کے آیندہ سیشن میں پیش کریں گے۔صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ پنجاب میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عمل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عوامی بہبود پر مبنی ریکارڈ قانون سازی کر رہی ہے۔