امریکی صدر نےنیوزی لینڈ میں دہشتگردحملےکو قتل عام قرار دےدیا

نیوزی لینڈ حملے پراظہار افسوس،مسجد میں قتل عام ہوا، 49 بے گناہ افراد کوجان سے ماردیا گیا، مشکل گھڑی میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹر پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 مارچ 2019 18:46

امریکی صدر نےنیوزی لینڈ میں دہشتگردحملےکو قتل عام قرار دےدیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ 2019ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کے حملے کو قتل عام قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں قتل عام ہوا، 49 بے گناہ افراد جان سے گئے، مشکل گھڑی میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوزی لینڈ کی مسجد میں مسلمانوں پر بے رحم ہولناک دہشتگرد حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردی اور نیک تمنائیں نیوزی لینڈ کی عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریکا نیوزی لینڈ کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔امریکا مشکل گھڑی میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ خدا ہم سب پر اپنی رحمت رکھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں نماز جمعہ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق اور48 سے زائد زخمی ہوگئے، تین منٹ تک مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور مرکزی دروازے سے باہر نکلا جہاں اس نے گاڑیوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی، حملہ آور جدید ہتھیاروں سے لیس اور پیٹرول بموں سے بھری گاڑی کیساتھ پہنچا تھا جو ہیلمٹ میں لگے کیمرے سے واردات کی ویڈیو لائیو اسٹریمنگ کرتارہا، ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

حملہ آور کو کل ہفتہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ مساجد میں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقہ اپنے گھیرے میں لے لیا۔ سکیورٹی اداروں کی ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اپنی شناخت آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ کے نام سے کی ہے۔ حملہ آور وردی میں ملبوس تھا،جس کی عمر 30 سے 40 سال تھی۔ دوسری جناب نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم فائرنگ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئی ہے۔  جس کے کھلاڑی فائرنگ کے وقت نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے مسجد آئے ہوئے تھے۔ تاہم ٹیسٹ میچ ملتویٰ کردیا گیا ہے۔